ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس ہی ملک کو اصلی ’وکاس‘ دلاسکتی ہے : راہل گاندھی 

کانگریس ہی ملک کو اصلی ’وکاس‘ دلاسکتی ہے : راہل گاندھی 

Sun, 18 Mar 2018 12:06:35    S.O. News Service

نئی دہلی 17 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) حکمراں بی جے پی کا نام لئے بغیر اس پر ملک میں مذہبی منافرت پھیلانے اور نوجوانوں اور کسانوں کو وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے کوئی مثبت اور موثر سمت نہیں مل پانے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ صرف کانگریس ہی ملک کو درست رخ اور اصلی وکاس دلاسکتی ہے ۔ کانگریس کے 84 ویں عمومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آج یہاں راہل نے کہا ملک میں مذہبی منافرت پھیلائی جارہی ہے ،ملک کو خط تنسیخ کے تحت تقسیم کیے جانے کی سازش کی جارہی ہے ۔ ہندوستان کے ایک شخص کو دوسرے شخص سے لڑایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ ہمارا کام جوڑتا اور اتحاد قائم کرنا ہے ،یہ ہاتھ کا نشان (کانگریس کا انتخابی نشان) ہی ملک کو آپس میں جوڑ سکتا ہے ،ملک کو ترقیات او ر اصلی وکاس دلاسکتا ہے۔ راہل نے کہا کہ کانگریس کے اس نشان کی اصلی توانائی آپ پارٹی کارکنان کے اندر ہے ،ہم سب کو، ملک کے عوام کو مل کرملک کو جوڑنے کی کوشش کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ عمومی کانفرنس کا مقصد کانگریس اور ملک کو آگے کا راستہ دکھانے کا ہے۔ راہل گاندھی نے عمومی کانفرنس میں حصہ لے رہی یوپی اے کی صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، سینئر لیڈر پی چدمبرم، پنجاب کے وزیر اعلیٰ امرندر سنگھ وغیرہ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان لیڈروں نے کانگریس کے لیے جنگ کی ہے ۔ اس کے لئے انہوں نے ان لیڈروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ عمومی کانفرنس مستقبل کی بات کرتی ہے، تبدیلی کی بات کرتی ہے؛ لیکن ہماری روایت رہی ہے کہ تبدیلی کی جاتی ہے اور اپنے ماضی کو فراموش نہیں کیا جاتا ہے ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اگر نوجوان کانگریس کو آگے لے جائیں گے تو جو ہمارے تجربہ کار لیڈر ہیں، ان کے بغیر ہماری کانگریس پارٹی آگے نہیں جا سکتی۔ انہوں نے اپنے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ میرا کام نوجوان اور سینئر رہنماؤں کو جوڑنے کا ہے ، ایک نئی سمت دکھانے کا کام ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کے مسائل کو لے کر نریندر مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہاکہ نوجوان جب مودی جی کی جانب دیکھتے ہیں تو انہیں راستہ نہیں نظرآتا، انہیں یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ انہیں روزگار کہاں سے ملے گا؟ کسانوں کو صحیح قیمت کب ملے گی ؟ ملک ایسی نوعیت سے تھک چکا ہے قوم کے پاؤں میں آبلے پڑچکے ہیں اور اب اس سے خلاضی کی راہ تلاش رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں دل سے کہتا ہوں کہ کانگریس پارٹی ہی ملک کو درست اور مثبت راہ دکھاسکتی ہے ۔انہوں نے بی جے پی کا نام لئے بغیر اس پر حملہ بولتے ہوئے کہاکہ وہ جبر و تشدد کا استعمال کرتے ہیں؛ لیکن ہم محبت اور بقائے باہمی کے ذریعہ لوگوں کے دلوں میں اتر رہے ہیں ۔یہ ملک ہم سب کا ہے، ہر مذہب کا ہے، ہر نسل اور ہراس شخص کا ہے جو بھارت کا شہری ہے ۔ کانگریس جو بھی کام کرے گی، وہ پورے ملک کے لئے کرے گی،ہر ایک فرد کے لیے کرے گی ۔ پارٹی میں کسی طرح کا کوئی امتیاز و تفوق نہیں ہے ۔ 
 


Share: